MOJ E SUKHAN

پاس ہوتا ہے دور ہوتا ہے

پاس ہوتا ہے دور ہوتا ہے
وہ شبِ غم ضرور ہوتا ہے

دل میں اُن کا ظہور ہوتا ہے
میرا سینہ بھی طور ہوتا ہے

کچھ حقیقت نہ ہو محبت کی
نشہ سا اک ضرور ہوتا ہے

سجدہ کرتا ہوں اُن کو مستی میں
کتنا رنگیں قصور ہوتا ہے

تیرا قشقہ ارے معاذ اللہ
شامِ دارالسرور ہوتا ہے

جتنا اُسکی طرف میں کھینچتا ہوں
اور وہ مجھ سے دور ہوتا ہے

تیری آنکھیں ارے معاذ اللہ
بے پئے بھی سرور ہوتا ہے

کیا حدیثِ نقاب و رُخ کہئے
نور بالائے نور ہوتا ہے

ہم بھی چاہیں جو غم سے تنگ آکر
تو کہاں دل سے دور ہوتا ہے

جب بھی آتا ہے بزم میں ساغر
نشہ میں چُور چُور ہوتا ہے​

ساغر نظامی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم