MOJ E SUKHAN

چمن چمن کے دشمنوں کی نذر ہو کے رہ گیا

چمن چمن کے دشمنوں کی نذر ہو کے رہ گیا
میرا وطن تو سازشوں کی نذر ہو کے رہ گیا

خوشا کمالِ رہبراں زہے کمالِ رہبری
یہ کارواں تو رہزنوں کی نذر ہو کے رہ گیا

درون آستیں جو سانپ تھے وہ کام کر گئے
میرا خلوص دشمنوں کی نذر ہو کے رہ گیا

کبھی نظر کلی کلی کی آنچ سے پگھل گئی
کبھی شعور میکدوں کی نذر ہو کے رہ گیا

وہ شہر دل جس میں آپ مدتوں بسا کیے
وہ شہر دل تو حسرتوں کی نذر ہو کے رہ گیا

اب آ رہی ہے سر پہ رات تیرگی لیے ہوۓ
یہ دن تو خیر کاوشوں کی نذر ہو کے رہ گیا

کبھی گلوں کے شعلہ ہائے سرد جل کے راکھ ہوگئے
دلوں کا سوزِ غم گلوں کی نذر ہو کے رہ گیا

خالد علیگ

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم