MOJ E SUKHAN

کیا ہے صندلیں رنگوں نے در بند

کیا ہے صندلیں رنگوں نے در بند
مرا ہو کس طرح سے درد سر بند

نہیں ہیں تیرے دام زلف میں دل
لٹکتے ہیں ہزاروں مرغ پر بند

نہیں بت خانہ و کعبہ پہ موقوف
ہوا ہر ایک پتھر میں شرر بند

رقیبوں سے ہوئی ہے بزم خالی
کرو دروازہ بے خوف و خطر بند

تماشا بند آنکھوں میں ہے مجھ کو
ہوئی میری بظاہر چشم تر بند

نہیں دنیا میں آزادی کسی کو
ہے دن میں شمس اور شب کو قمر بند

دکھاؤ مے کشو اب زور مستی
کیا زاہد نے مے خانے کا در بند

در جاناں بھی اک مرجع ہے بہرامؔ
ہجوم عاشقاں ہے رہ گزر بند

بہرام جی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم